پی ٹی آئی رہنماؤں نے لانگ مارچ کی ناکامی کا ذمہ دار سہیل آفریدی کو قرار دیدیا: ذرائع
پشاور:(دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنماؤں نے لانگ مارچ کی ناکامی کا ذمہ دار سہیل آفریدی کو قرار دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ کی ناکامی، مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پارٹی کے ایک اہم مرکزی رہنما نے لانگ مارچ کی ناکامی کی ذمہ داری سہیل آفریدی پر عائد کی۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے منصوبے سے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کو آگاہ نہیں رکھا، جس کے باعث اس معاملے پر اجلاس میں بحث ہوئی۔
پارٹی ذرائع نےبتایا کہ اجلاس میں شریک بیشتر افراد نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار محمود اچکزئی کو ٹھہرایا، اس معاملے پر بھی شرکاء کی جانب سے مختلف آرا کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مردان سے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، ایک رہنما نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ مردان سے سی ایم ہاؤس کیوں گئے؟ اس پر پارٹی کے ایک مرکزی رہنما نے مبینہ طور پر جواب دیا کہ لوگوں کی تعداد کم ہونے کے باعث وزیراعلیٰ نے مردان میں قیام نہیں کیا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس میں بیرسٹر سیف کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، جبکہ کور کمیٹی کے ایک رکن نے انہیں دوبارہ فعال کردار دینے کی تجویز پیش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی آئندہ حکمت عملی مرتب کرنے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کے لیے پی ٹی آئی نے آج رات کور کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں ہونے والی گفتگو اور مختلف رہنماؤں سے متعلق ان تفصیلات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments