اے آئی پر بڑھتا انحصار، برطانیہ کے ہارکلے بینک کا 5 ہزار ملازمین فارغ کرنے کا اعلان
لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کے بارکلے بینک نے اخراجات میں کمی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر انحصار بڑھانے کے لیے 2026 کے اختتام تک دنیا بھر میں 5 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران بینک کے منافع میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بارکلے بینک کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملازمتوں میں کٹوتی کا مقصد ادارہ جاتی عمل کو آسان بنانا اور اے آئی کے ذریعے کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
بیان کے مطابق ختم کی جانے والی ملازمتوں میں 60 فیصد کا تعلق معاون شعبوں سے ہے، جہاں اے آئی کے استعمال سے ملازمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
بینک کے مطابق اب تک ایک ہزار ملازمتیں ختم کی جاچکی ہیں، جبکہ مزید 4 ہزار ملازمتیں رواں سال کے اختتام تک ختم کردی جائیں گی۔
اس اقدام کے نتیجے میں بینک کی عالمی افرادی قوت میں مجموعی طور پر 5 فیصد کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ بارکلے بینک کی اخراجات کم کرنے کے لیے جاری تین سالہ مہم کا اختتام ملازمتوں میں کٹوتی کے ساتھ ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments