ایل پی جی کی مصنوعی قلت کا خدشہ، پٹرولیم ڈویژن کا اوگرا کو کارروائی کیلئے خط
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کے خدشے کے پیش نظر پٹرولیم ڈویژن نے اوگرا کو خط لکھ کر ضروری قانونی و انتظامی کارروائی کی درخواست کر دی۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملکی طلب کے مطابق ایل پی جی درآمد کی جا رہی ہے تاہم اطلاعات ہیں کہ درآمدات کے باوجود ٹرمینلز سے ایل پی جی باقاعدگی سے نہیں اٹھائی جا رہی۔
خط کے مطابق اس صورتحال کے باعث ممکنہ ذخیرہ اندوزی ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں جبکہ درآمدی ٹرمینلز سے ایل پی جی کی باقاعدہ ترسیل اور طلب والے مراکز تک فراہمی یقینی بنائی جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اوگرا اس حوالے سے ضروری قانونی و انتظامی کارروائی شروع کرے تاکہ صارفین کو ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق پہاڑی، دور دراز اور قومی گرڈ سے منسلک نہ ہونے والے علاقوں میں صارفین ایل پی جی پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں، اس لیے ایل پی جی کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام ضروری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments