آئیسکو کی نجکاری کیلئے 10 قومی و بین الاقوامی فریقین کی پری کوالیفکیشن کی منظوری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نجکاری کمیشن بورڈ نے آئیسکو کی نجکاری کیلئے 10 قومی و بین الاقوامی فریقین کی پری کوالیفکیشن کی منظوری دے دی، پری کوالیفائی ہونے والے بولی دہندگان میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے معروف سرمایہ کار اور گروپس شامل ہیں۔
ترکیہ کی تین اہم انرجی کمپنیوں اکٹور الیکٹرک، جینویرا انرجی اور چنگیز انرجی کو بولی میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دے دیا گیا، اینگرو انرجی، نوواٹیکس، سیفائر فائبرز اور بیسٹ وے سیمنٹ بھی اہل قرار پانے والی کمپنیوں میں شامل ہیں۔
اسی طرح آرٹسٹک ملنرز، حب پاور اور حسنات برادرز کنسٹرکشن کی قیادت میں قائم کنسورشیمز کو بھی پری کوالیفائی کر لیا گیا، آئیسکو کی نجکاری کیلئے تمام 10 فریقین کو ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی دی جائے گی تاکہ وہ کمپنی کا تفصیلی جائزہ لے سکیں۔
آئیسکو نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے یعنی بیچ ون کی ان تین کمپنیوں میں شامل ہے جن میں فیسکو اور گیپکو بھی شامل ہیں، نجکاری کمیشن نے فیسکو کی نجکاری کیلئے آرٹسٹک ملنرز کنسورشیم میں نئے ممبران کے اضافے کی بھی منظوری دے دی۔
منظوری کے بعد یہ کنسورشیم بیچ ون کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں حصہ لے سکے گا۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے زرعی ترقیاتی بینک (زیڈ ٹی بی ایل) کی نجکاری کے ٹرانزیکشن سٹرکچر اور ری سٹرکچرنگ پلان میں تبدیلیوں کی بھی منظوری دی، نجکاری کے بعد بھی بینک کی توجہ زرعی شعبے اور کسانوں کی مالی معاونت پر مرکوز رہے گی۔
بورڈ نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری کیلئے ڈوئچے بینک کی قیادت میں قائم کنسورشیم کو مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی، اسٹیٹ لائف کے مالیاتی مشیر کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔
نجکاری کمیشن نے نجکاری پروگرام کو مکمل شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments