امریکا اور اسرائیل کے انتخابات کے بعد ٹرمپ ایران پر بڑے حملوں کا حکم دے سکتے ہیں، بلومبرگ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر نے ایک بار پھر ایران پر بڑے حملے کی تیاری شروع کر دی، امریکی جریدے بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے انتخابات کے بعد ٹرمپ ایران کے خلاف بڑے حملوں کا حکم دے سکتے ہیں۔
امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق ٹرمپ کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مڈٹرم الیکشن سے پہلے ایران پر دوبارہ حملوں کا امکان کم ہے، ٹرمپ نے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گی، لیکن اب اس جنگ کے مزید شدت اختیار کرنے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹرمپ پہلے ہی تیسرا طیارہ بردار بحری بیڑہ اور مزید 10 ہزار میرینز خلیج کی جانب روانہ کر چکے ہیں، دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں واقع ان امریکی فوجی اڈوں پر تعینات عملے کی تعداد مبینہ طور پر کم کر دی گئی ہے جنہیں ایرانی جوابی حملوں میں شدید نقصان پہنچا ہے۔
بروکنگز انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ مشرق وسطی کے ایک ماہر کے مطابق تمام اشارے اس جانب ہیں کہ جنگ دوبارہ شروع ہوگی اور بڑے پیمانے پر فضائی بمباری کی جائے گی۔
انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے مشرق وسطیٰ کے ماہر علی واعظ کے مطابق ٹرمپ اور نیتن یاہو دونوں ایران کے ساتھ جنگ کو اپنی سیاسی مشکلات سے نکلنے کا راستہ سمجھ سکتے ہیں، لیکن جس جنگ کا مقصد ان کے سیاسی مستقبل کو بچانا ہوسکتا ہے، وہی جنگ بالآخر ان کے سیاسی مستقبل کو تباہ بھی کر سکتی ہے۔
خیال رہےکہ 27 اکتوبر کو اسرائیل کے اندر انتخابات ہونے جا رہے ہیں جہاں اسرائیلی ووٹر اپنا آئندہ وزیراعظم منتخب کریں گے جب کہ 3 نومبر کو امریکا میں مڈٹرم الیکشن ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments