لودھراں، باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکار، 4جاں بحق، 27زخمی

لودھراں، باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکار، 4جاں بحق، 27زخمی

لودھراں (سٹی رپورٹر )لودھراں میں بارات کی کوسٹر کو پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو خواتین، ایک مرد اور ایک بچے سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ 27 افراد زخمی ہو گئے ۔

 حادثہ لودھراں کے نواحی علاقے منڈھالی موڑ کے قریب پیش آیا جہاں جہانیاں سے گوگڑاں واپس آنے والی بارات کی کوسٹر سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر  ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت رخسانہ، اکبر، رابعہ اور علی کے نام سے ہوئی ہے ۔ واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر علی بن طارق اپنی ٹیموں کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انتظامیہ کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں