سندر:دو گروپوں میں فائرنگ، 2 افراد قتل، 1 زخمی
سلطانکے گاؤں میں دروازے پر گوبر پھینکنے پر تصادم ہوا،مرکزی ملزم گرفتار جاں بحق ہونیوالوں میں منیر شامل، دوسرے مقتول کی شناخت نہ ہوسکی
لاہور،کاہنہ (کرائم رپورٹر، نمائندہ دنیا)سندر کے علاقے سلطانکے گاؤں میں دروازے پر گوبر پھینکنے کے تنازع پرمنیرا موچی اور ننھا گواہا گروپ میں تصادم، فائرنگ سے 2افراد قتل، ایک شدید زخمی ہوگیا۔مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ جاں بحق ایک شخص کی شناخت 55سالہ منیر عرف منیرا کے نام سے ہوئی ،جبکہ دوسرے جاں بحق شخص کی شناخت نہ ہوسکی۔ فائرنگ سے زخمی 30سالہ شہری عدیل کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیاجس کی حالت تشویشناک ہے۔
دونوں گروپوں میں دروازے کے سامنے گوبر پھینکنے سے روکنے پرجھگڑا شروع ہوا اور گولیاں چل گئیں۔اس دوران ننھا گواہا گروپ کی فائرنگ سے منیر عرف منیرا نامی شخص موقع پر دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کے جسم پر گولی لگنے یا زخموں کے نشان بھی نہیں ہیں۔سندر پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم آصف کو گرفتار کرلیا گیا ہے واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔