10 مبینہ پو لیس مقابلے، 16 ملزم زخمی حالت میں گرفتار
پنڈی بھٹیاں میں 4 مقابلوں کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے 8 ملزم زخمی نوشہرہ ورکاں ، باغبانپورہ،سیٹلائٹ ٹائون ،علی پور چٹھہ ، گرجاکھ میں بھی مقابلے
گوجرانوالہ ،پنڈی بھٹیاں،حافظ آباد، نو شہرہ ورکاں (کرائم رپورٹر، نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )مختلف علاقوں میں 10 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 15 زخمیوں سمیت 16ریکارڈ یافتہ ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ۔تھانہ نوشہر ورکاں کے علاقہ میں ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ ملزم علی زیب اور منیر احمد ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے پُلی سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ، جن سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ان کا ساتھی فرار ہو گیا۔تھانہ باغبانپورہ کے علاقہ میں چوری اور منشیات فروشی کے مقدمات میں مطلوب ملزم عامر عرف لنگڑی ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے پائپوں سے ٹکرا کر زخمی حالت میں پکڑا گیا، جس سے 1460 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ساتھی فرار ہو گیا۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقہ میں پولیس کارروائی کے دوران ریکارڈ یافتہ چور و منشیات فروش اختر زمان ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے کھمبے سے جا ٹکرایا اور زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ ملزم سے 1460 گرام ہیروئن اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔تھانہ علی پور چٹھہ کے علاقہ میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش علی رضا پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے پُلی سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ قبضے سے 1440 گرام چرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔تھانہ گرجاکھ کے علاقہ میں منشیات فروش ذوالفقار عرف ایلو پولیس ناکہ سے فرار کے دوران نالے کی دیوار سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا اور گرفتار کر لیا گیا ،جس سے 1560 گرام چرس اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ۔
سرکل پنڈی بھٹیاں کی حدود میں پولیس اور خطرناک بین الاضلاعی ڈکیت گینگز کے درمیان 4 مقامات پر مبینہ پولیس مقابلے ہوئے، اس دوران 8خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ۔ تھانہ جلالپور بھٹیاں پولیس کو اطلاع ملی کہ وٹواں والا ریمپ پر بارہ تیرہ ڈکیت واردات کی نیت سے موجود ہیں ،پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکو ئو ں نے فائرنگ شروع کردی جس پر جوابی فائرنگ کی تو دو ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار ہوگئے ، دونوں زخمی ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہوگئے جس پر ضلع بھر کی پولیس الرٹ ہوگئی ،دیگر 3 مبینہ مقابلے تھانہ کسیسے ، سکھیکی منڈی اور تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں کی حدود میں ہوئے اور ہر مقابلہ میں دو دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔ پولیس کے مطابق ان تینوں مقابلوں میں بھی ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے چاروں مبینہ پولیس مقابلوں میں تمام زخمی ڈاکو ئوں کو گھٹنوں پر ہی گولیاں لگیں جنہیں تحصیل ہسپتال داخل کر ا دیا گیا ۔