ٹیچنگ ہسپتال میں عملہ کی غفلت،ماں و نومولود جاں بحق
دوران زچگی گرجاکھ کی رہائشی وفا محبوب کی بیٹی ، بعد ازاں ماں بھی انتقال کر گئی ورثا کا احتجاج ، ڈاکٹروں پر غفلت کا الزام ، ایم ایس نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر،کرائم رپورٹر)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور عملہ کی مبینہ غفلت و لاپروا ہی سے ماں اور نومولود بچی جاں بحق ہو گئے ، اہل خانہ سراپا احتجاج بن گئے ،ایم ایس نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ۔ بتایا گیا ہے کہ گرجاکھ کی رہائشی وفا محبوب کو زچگی کیلئے ہسپتال لایا گیا تھا جہاں دورانِ ڈلیوری نومولود بچی جاں بحق ہو گئی جبکہ کچھ دیر بعد ماں بھی دم توڑ گئی۔اہل خانہ کا الزام ہے کہ وہ معمول کے چیک اپ کیلئے آئے تھے اور ڈاکٹرز نے خون کی کمی کا جواز بنا کر دو بوتل خون تو لے لیا مگر مریضہ کو لگایا نہیں گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ زچگی کے وقت سینئر ڈاکٹرز بھی موجود نہیں تھے جس کے باعث بروقت علاج نہ مل سکا۔
واقعہ کے بعد ورثا نے سول ہسپتال میں احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب ایم ایس ڈاکٹر امتیاز رانا کا کہنا ہے کہ مریضہ کی حالت پیچیدہ تھی اور اسے خون کی کمی کا سامنا تھا جس کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے 4ڈاکٹرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ،ایم ایس کے مطابق انکوائری رپورٹ کی روشنی میں جس کی بھی غفلت ثابت ہوئی اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔