قلعہ گجر سنگھ کے علاقے سے لیڈی پولیس کانسٹیبل کا اغوا
لاہور(کرائم رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ سے لیڈی پولیس کانسٹیبل کو اغوا کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس لائنز میں تعینات لیڈی کانسٹیبل عائشہ ریاض کوگزشتہ روز نامعلوم ملزموں نے اغوا کر لیا،پولیس تھانہ قلعہ گجر سنگھ نے مغویہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ایف آئی آر کے مطابق لیڈی کانسٹیبل عائشہ ریاض گھر سے ڈیوٹی پر گئی لیکن اپنے ڈیوٹی پوائنٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ نہ پہنچ سکی ،اس کی ڈیوٹی رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک مقرر تھی،وہ واپس گھر بھی نہ پہنچی ۔ایس پی سول لائنز چودھری اثر علی کا کہنا ہے کہ ایس ڈی پی او سول لائنز کی سربراہی میں مغویہ کی تلاش کیلئے ٹیم تشکیل دے دی، لیڈی کانسٹیبل عائشہ 11 اپریل کو ڈیوٹی پر نہ پہنچنے پر غیر حاضر ہوئی،جلد بازیابی کیلئے انویسٹی گیشن کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔