لاہور ایئرپورٹ پر شراب کے سمگلرکوخصوصی پروٹوکول
لاکھوں کی شراب آسانی سے باہر منتقلی کیلئے پی آئی اے کے ملازمین کی سہولت کاری کسٹمز حکام کی تلاشی پرشراب کی80 بوتلیں برآمد،متعلقہ ملازمین فرار، انکوائری شروع
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر شراب سمگلنگ کا ایساکیس سامنے آیا جہاں ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ملازمین ایک مسافر کو خصوصی پروٹوکول فراہم کر رہے تھے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز EY288 کے مسافر کو مبینہ طور پر ایئرپورٹ کے اندر سہولت فراہم کی جا رہی تھی تاکہ لاکھوں مالیت کی شراب کی بوتلیں آسانی سے باہر منتقل کی جا سکیں۔کسٹمز حکام نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو اس میں سے 80سے زائد شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ کارروائی کے دوران صورتحال اسوقت مزید مشکوک ہوگئی جب پروٹوکول دینے والے ملازمین موقع سے
فرار ہوگئے ۔ کسٹمز حکام نے فوری اے ایس ایف کو آگاہ کیا جسکے بعد متعلقہ ملازمین کے انٹری پاس ضبط کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد بعض افسروں اور عملے کی معطلی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ گریڈ5کے ملازم صفدر گوندل سمیت دیگر اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا گیا ہے ۔پی آئی اے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق ادارے کو واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور معاملے کی انکوائری جاری ہے ۔ کوئی اہلکار ملوث ہونے کے شواہد ملے تو سخت کارروائی کی جائیگی۔ایئرپورٹ جیسے حساس مقام پر سامنے آنے والا یہ واقعہ نا صرف سکیورٹی نظام بلکہ قومی ایئرلائن کے داخلی نگرانی کے میکنزم پر بھی سوالات چھوڑ گیا ہے ۔