رینالہ خورد میں مبینہ پولیس مقابلہ، 1 ڈاکو ہلاک ، 2 فرار
مرنے والا ڈاکو ناظم 50وارداتوں میں مطلوب،موٹرسائیکل ،نقدی،اسلحہ برآمد
اوکاڑہ (خبر نگار)تھانہ سٹی رینالہ خورد کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ،دو فرار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق تین نقب زن ملزم خالد گارڈن رینالہ میں ایک گھر میں نقب زنی کرکے موٹر سائیکل چرا کر فرار ہورہے تھے . جس کی اطلاع موبائل گشت پر مامور ایس ایچ او سٹی کو ملی انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزموں کا تعاقب کیا۔ ملزموں اور پولیس کا ماڈل ٹاؤن پل رینالہ خورد کے قریب آمنا سامنا ہو گیا۔
ملزموں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا،جس کی شناخت ناظم کے نام سے ہوئی جو 50 سے زائد مقدمات کا ریکارڈ یافتہ ملزم نکلا، ہلاک ملزم کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے لئے سرچنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں۔پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم کے قریب پڑی موٹر سائیکل نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا ۔