اپنی کابینہ کو لبنان کے ساتھ فوری براہ راست مذاکرات شروع کرنے کا کہا ہے، نیتن یاہو
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ میں نے اپنی کابینہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر لبنان کے ساتھ براہ راست مذاکرات شروع کریں۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ لبنان کی جانب سے بار بار مذاکرات کی اپیل پر کابینہ کو مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مذاکرات کا محور ’حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا‘ اور اسرائیل کے ساتھ امن پر مبنی تعلقات کا قیام ہے۔
دوسری جانب لبنانی صدر جوزف عون کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور لبنان میں براہ راست مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے، موجودہ کشیدہ صورتحال کا واحد حل اسرائیل کے ساتھ فوری جنگ بندی ہے، جس پر اب تک مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔
صدر جوزف عون نے زور دیا کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے کشیدگی کا خاتمہ ضروری ہے جبکہ جنگ بندی دونوں ممالک کے درمیان مزید تصادم کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔