سانحہ گل پلازہ کو 17 روز گزر گئے، پولیس تحقیقات جاری
کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ گل پلازہ کو 17 روز گزر گئے، پولیس تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گل پلازہ دکان نمبر 193 کی دکان کے مالک کے بیٹے کا تیسری بار بیان ریکارڈ کیا جائے گا، آگ دکان نمبر 193 میں بچے کی ماچس سے کھیلتے ہوئے لگی۔
ذرائع کے مطابق پہلی اور دوسری منزل کی سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب نہ ہو سکی، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے ریسکیو کے بجائے فوری پانی سے آگ بجھانے کی کوشش کی، دھواں بھرنے کے 20 منٹ بعد دکانداروں نے گرل توڑی۔
ایک دکاندار نے تفتیشی ٹیم کو اپنے بیان میں بتایا کہ فرسٹ فلور سے اکثر افراد نکل گئے، 25 سے 30 افراد دبئی کراکری میں رک گئے تھے، دبئی کراکری کے دکانداروں نے دھواں اور اندھیرا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو باہر نکلنے سے روکا۔
دوسرے دکاندار نے کہا کہ ڈیڑھ سو کے قریب افراد کو راستہ دکھایا، دکانداروں نے گاہکوں سے کہا کہ آگ خود بجھ جائے گی، بعد ازاں 20 سے 25 افراد کی باقیات دبئی کراکری اور اطراف سے ملی تھیں۔
تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں 79 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 68 جاں بحق افراد کی میتیں اور باقیات ورثاء کے حوالے کی گئی ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق خرم نامی شخص سمیت 5 افراد کی باقیات اب بھی ایدھی سرد خانے میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خرم سمیت 5 جاں بحق افراد کا اب تک کوئی وارث سامنے نہیں آیا، سانحہ گل پلازہ میں 4 سے زائد افراد کی باقیات تاحال نہیں مل سکیں۔