امارات :بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، سڑکیں بلاک

امارات :بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، سڑکیں بلاک

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں )دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔دبئی میں 2 سال کی بارش چند گھنٹوں میں برس گئی ۔۔

جہاں پانی سے سڑکیں ڈوب گئیں جبکہ دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زایدکے متعدد حصے بند کر نے پڑ گئے ،شیخ زاید روڈ پر چند کلو میٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔اس کے علاوہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے پانی  جمع ہوگیا ۔دوسری جانب مارکیٹس، شاپنگ مالز اور میٹرو اسٹیشنز میں بارش کا پانی آ گیا، شارجہ کی کئی  سڑکیں نہروں میں بدل گئیں، عجمان اور العین میں بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی معطل کردیا۔بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد مختلف علاقوں سے نکاسی آب کا سلسلہ جاری ہے ۔ادھر متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کے باعث پاکستان کے لئے 46 پروازیں منسوخ ہو گئیں۔بارش کے باعث ایئر پورٹس اور اماراتی ایئر لائنز کا نظام متاثر ہوا۔ دوسری جانب بارشوں کے باعث گزشتہ روز پاکستان قونصل خانہ بند رہا ،حکام کے مطابق آج قونصل خانہ معمول کے مطابق خدمات انجام دے گا۔علاوہ ازیں اماراتی حکومت نے بارشوں سے ہونے والی تباہی کے باعث دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی دیگر ریاستوں میں آج اور کل بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں