اشتعال انگیز بھارتی بیانات علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ :ڈار

 اشتعال انگیز بھارتی بیانات علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ :ڈار

بنجول(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بارے میں بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات اور بلاجواز دعوے علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں،عالمی برادری نوٹس لے ۔

انہوں نے گیمبیا کے شہر بنجول میں او آئی سی رابطہ گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت منظم طریقے سے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کر رہا ہے ۔ بھارتی حکام نے اختلاف رائے کو کچلنے کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا ہے ۔ علاوہ ازیں گیمبیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے نائب وزیراعظم سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا،انہوں نے پاکستان اور گیمبیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے تجاویز بھی پیش کیں۔نائب وزیراعظم نے پاکستانی کمیونٹی کو مسائل حل کرنیکی یقین دہانی کرائی ۔دریں اثناجموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ نے تنازع کشمیرکے فوری اور پرامن حل پر زور دیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رابطہ گروپ کا اجلاس او آئی سی کا 15 ہویں سربراہی اجلاس گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں ہوا۔مختلف رکن ممالک کے وفود نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں