غزہ :اسرائیلی حملے ،مزید30شہید ، 5یر غمالیوں کی لاشیں برآمد

 غزہ :اسرائیلی حملے ،مزید30شہید ، 5یر غمالیوں کی لاشیں برآمد

یروشلم،غزہ (اے ایف پی ،رائٹرز) گزشتہ 24گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 30افراد شہید ہو گئے ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس سے 5یرغمالیوں کی لاشیں بر آمد کر لیں ۔

ہلاک یر غمالیوں میں 4فوجی، ایک شہری شامل ہے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم کی ملاقات ہو ئی ہے ،اس دوران بائیڈن نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔امریکی صدر نے واضح کیا کہ تنازع کو حل کرنا اولین ترجیح ہے ۔ غزہ جنگ کے خاتمے کیلئے کام کرتا رہوں گا، تمام یرغمالیوں کو گھر واپس لاؤں گا تاکہ مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہو ۔ نیتن یاہو نے بائیڈن سے ملاقات کے دوران کہامیں اسرائیلی ریاست کیلئے 50 سال سے حمایت پر آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔آنے والے مہینوں میں آپ کیساتھ کام کرنیکا منتظر ہوں۔وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کیلئے مذاکرات اپنے اختتانی مراحل میں ہیں ۔یاد رہے وائٹ ہاؤس میں پہلی بار غزہ جنگ بندی کے معاہدے پر بات ہوئی۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں ابتک 39ہزار175افراد شہید ،90ہزار403زخمی ہو چکے ۔ایران نے امریکی حکومت اور کانگریس کی طرف سے غزہ میں جاری مہلک جنگ کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم کا استقبال کرنے کی مذمت کی ہے ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا امریکی حکومت اور کانگریس قصائی اور جلاد کا استقبال تالیوں سے کر رہی ہے ۔حماس نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے امریکی کانگریس سے خطاب میں عالمی برادری کو گمراہ کر نے کی کوشش کی ۔ یرغمالیوں کی واپسی کیلئے کوششوں کے بارے میں نیتن یاہو کی بات سراسر جھوٹ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں