مقبوضہ کشمیر:بھارتی تحقیقاتی ادارے کے گھروں پر چھاپے ،تلاشی
سرینگر(اے پی پی)گزشتہ روز بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) نے مقبوضہ کشمیرمیں مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق این آئی اے کی ٹیموں نے بھارتی پیرا ملٹر ی اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کپواڑہ، ریاسی، ڈوڈہ، ادھم پور، رام بن اور کشتواڑ اضلاع میں کئی گھروں پر چھاپے مارے ۔ ایجنسی نے ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں معروف کشمیری تاجر منیر احمد بانڈے کو گرفتار کر لیا ۔آخری اطلاعات تک ان اضلاع کے مختلف علاقوں میں چھاپوں اور تلاشی کا سلسلہ جاری تھا۔ حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر اجتماعی سزا دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل،جبری گرفتاریاں اور املاک کی ضبطگی ایک معمول بن چکا ہے ۔