غزہ :اسرائیلی حملے جاری ،امدادی کارکنوں سمیت 35شہید

غزہ :اسرائیلی حملے جاری ،امدادی کارکنوں سمیت 35شہید

غزہ (اے ایف پی،رائٹرز)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں امدادی کارکنوں سمیت 35افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔

 غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ ہفتے کے روز اسرائیلی فضائی حملے میں تین امدادی کارکن شہید ہو گئے ۔ امدادی کارکن ورلڈ سنٹرل کچن کے فلسطینی ملازمین تھے ۔حملے کے بعد امریکی امدادی گروپ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ میں آپریشن روک رہے ہیں ۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے دہشتگرد وں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس نے 7 اکتوبر2023کو ہونے والے حملے میں حصہ لیا تھا۔ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری صیہونی بمباری میں اب تک کم ازکم 44ہزار382فلسطینی شہید،1لاکھ 5ہزار 142زخمی ہو چکے ۔ادھرسابق اسرائیلی وزیر دفاع اور آئی ڈی ایف کے چیف آف سٹاف موشے یاعلون نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو انتہائی دائیں بازو کے ذریعے غزہ میں نسل کشی کی راہ پر گامزن ہے ، حکومت قوم کو تباہی کی طرف لے جا رہی جس راستے پر ہمیں گھسیٹا جا رہا ہے وہ غزہ میں قبضے ، الحاق اور نسلی تطہیر کی جنگ ہے ۔ دوسری جانب غزہ میں ممکنہ جنگ بندی پر مذاکرات کیلئے حماس کا وفد قاہرہ پہنچ گیا ۔آئی سی سی کے پراسیکیوٹر نے عدالت کے اپیل چیمبر پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی کوشش کو مسترد کردے ۔ پراسیکیوٹر کریم خان نے کہا کہ یہ درخواست عالمی عدالت کے قوانین کے تحت درکار قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کرتی۔ادھر حماس نے ہفتے کے روز ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک شخص نے اپنی شناخت ایک اسرائیلی یرغمال کے طور پر کی ہے ۔لبنانی وزارت صحت نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود گزشتہ روزجنوبی لبنان میں ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے میں 2شہری جاں بحق جبکہ ایک بچے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں