لندن :10سالہ سارہ شریف کے قتل پر والد،سوتیلی ماں اور چچا کو قید کی سزا

لندن :10سالہ سارہ شریف کے قتل پر والد،سوتیلی ماں اور  چچا  کو  قید کی  سزا

لندن (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کی ایک عدالت نے گزشتہ سال لندن میں قتل کی گئی 10 سالہ برٹش پاکستانی لڑکی سارہ شریف کے والد ،سوتیلی والدہ ا ور چچا کو عمر قید کی سزاسنادی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سارہ کے والد43سالہ عرفان شریف کو سزا سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ انہیں کم از کم 40 برس جیل میں گزارنا ہوں گے جبکہ ان کی اہلیہ سارہ کی سوتیلی ماں 30سالہ بینش بتول کو 33 برس جیل میں گزارنا ہوں گے ،سارہ کے چچا اور عرفان شریف کے بھائی 29سالہ فیصل ملک کو اس کیس میں قتل کے الزام میں تو نہیں تاہم ایک بچے کی موت کا سبب بننے یا ایسا ہونے دینے پر مجرم قرار دیا گیا اور انہیں اس کے لئے 16 برس قید کی سزا سنائی گئی ۔10سالہ سارہ شریف کی زخموں سے چورلاش گزشتہ سال 10 اگست کو برطانیہ میں ووکنگ کے علاقے میں ایک گھر سے ملی تھی۔ استغاثہ کے مطابق سارہ پرشدید اور مسلسل تشدد کیا گیا ، لاش ملنے سے ایک ہی دن قبل سارہ کے اہلخانہ پاکستان روانہ ہو گئے تھے تاہم ایک ماہ بعد انگلینڈ واپسی پر اس کے والد ،چچا اور سوتیلی ماں کو گرفتار کرلیاگیاتھا جبکہ باقی پانچ بچے پاکستان میں ہیں۔مقدمے کی تفتیش کے دوران چھ دن تک سارہ کے والد عرفان شریف نے تمام الزامات سے انکار کیا تھا تاہم ساتویں روز انہوں نے ڈرامائی طور پر اعتراف جرم کر لیا اوربتایاکہ انہوں نے اپنی بیٹی کو کئی ہفتے تک متعدد بار پرزور طریقے سے تشدد کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا تھا کہ سارہ میری وجہ سے مری۔طویل سزائیں سنائے جانے پر عرفان اور بینش کی جانب سے کوئی خاص ردعمل سامنے نہیں آیا اور وہ کمرہ عدالت میں موجود کٹہرے میں کھڑے زمین کی جانب تکتے رہے ۔دوران سماعت جج نے سارہ کو ’’خوبصورت چھوٹی بچی‘‘ قرار دیا،انہوں نے کہا کہ سارہ کی ماں کے مطابق وہ ہمیشہ مسکراتی رہتی تھیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سارہ کے جسم پر انسانی دانتوں سے کاٹے جانے کے نشانات سمیت گرم استری اور گرم پانی سے آنے والے زخموں کے نشان بھی تھے ، اسے 100 سے زیادہ زخم آئے ہیں اور کم از کم 25 ہڈیاں ٹوٹی تھیں۔ پراسیکیوٹر وکیل ایملن جونز نے عدالت کو بتایا تھا کہ خاندان کے گھر کے باہر سے خون آلود کرکٹ بیٹ، ایک دھاتی ڈنڈا، ایک بیلٹ اور رسی سمیت ایک پن ملی جس پر سارہ کا ڈی این اے پایا گیا۔سارہ شریف 11 جنوری 2013 کو سلوو میں پیدا ہوئی تھیں، ان کے والد عرفان شریف پاکستان سے تعلیم حاصل کرنے کیلئے برطانیہ آئے اور 2009 میں ووکنگ میں انہوں نے سارہ کی والدہ اولگا ڈومن سے شادی کی تھی۔سارا کے قتل کا واقعہ سامنے آنے سے قبل عرفان شریف کے ساتھ سارہ کی سوتیلی ماں بینش بتول ان کے دیگر پانچ بچے اور سارہ کے چچا فیصل ملک ساتھ رہا کرتے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں