غزہ :مزید 32 شہید، امریکا کے یمن پر فضائی حملے
غزہ، یروشلم(اے ایف پی)غزہ کے کئی علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 32 افراد شہید، 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غزہ میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے سکول پر اسرائیلی حملے میں چھ افراد شہید ،درجن سے زائد زخمی ہو گئے ۔ دیر البلاح میں ایک گھر پر فضائی حملے میں 13 افراد شہید ہوئے جن کا تعلق ابو سمرہ خاندان سے تھا۔مقبوضہ مغربی کنارے میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اتوار کے روز ایک فلسطینی افسرسحر فاروق جاں بحق ہو گیا، فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورس نے کہا کہ شمالی جینین کے علاقے میں تقریباً دو ہفتوں سے مقامی عسکریت پسندوں اور فلسطینی اتھارٹی کی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اسرائیلی بمباری ،گولہ باری اور فائرنگ سے کم ازکم 45ہزار 259فلسطینی شہید،1لاکھ 7ہزار 627زخمی ہو چکے ۔ دوسری جانب امریکی لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کی عمارت اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا ، حملے میں باغیوں کے ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے ۔امریکی سنٹرل کمانڈ کے مطابق آپریشن کے دوران بحیرہ احمر کے اوپر حوثی باغیوں کے کئی ڈرونز اوراینٹی شپ کروز میزائلوں کو بھی مار گرایا۔