آرمی چیف جنرل جوزف عون لبنان کے صدر منتخب
بیروت(اے ایف پی)آرمی چیف جنرل جوزف عون لبنان کے صدر منتخب ہو گئے ۔ پارلیمنٹ کے 128 میں سے 99 ارکان نے جنرل کے حق میں ووٹ دیا۔
انہوں نے پہلے راؤنڈ میں مطلوبہ اکثریت لینے میں ناکامی کے بعد دوسرے مرحلے میں دوتہائی اکثریت حاصل کی۔خیال رہے سابق صدر میشیل عون کی مدت صدارت اکتوبر 2022 میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد سے لبنان میں صدر کا عہدہ خالی تھا۔حزب اللہ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار سلیمان فرنجیہ جوزف عون کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے ۔60 سالہ جنرل جوزف نے مارچ 2017 لبنانی فوج کی کمان سنبھالی تھی، صدر منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کیلئے کام کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت لبنان کے پاس شام کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا تاریخی موقع ہے ۔جوزف عون نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جنوبی لبنان اور بیروت کے مضافات میں تباہ ہونے والے علاقوں کی تعمیر نو کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کریں کہ لبنان میں ہتھیار رکھنے کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہو۔