پیوٹن فرنٹ لائن پر یوکرینی فوجیوں کی جانیں بچائیں:ٹرمپ
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب پیوٹن سے کہا ہے کہ وہ فرنٹ لائن پر موجود ہزاروں یوکرینی فوجیوں کی جانیں بچائیں ۔
انہوں نے اپنے ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم پر لکھا کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کی امید ہے ۔ انہوں نے مذاکرات کاروں کی پیوٹن کے ساتھ بات چیت بہت اچھی اور نتیجہ خیز قرار دی۔دوسری جانب پیوٹن نے امریکی صدر کی درخواست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی فوج کرسک کے علاقے میں ہتھیار ڈال دے تو انہیں زندگی اور باوقار سلوک کی ضمانت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم صدر ٹرمپ کی کال سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ادھر جی سیون کے دو روزہ اجلاس کے حتمی بیان کے مسودے میں روس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ امریکاکی جانب سے تجویز کردہ 30روزہ جنگ بندی کے معاہدے پر رضامند ی ظاہر کرے ۔انہوں نے ماسکو کو خبردار کیا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو اسے مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔امریکی ایلچی سٹیو وٹ کوف نے پیوٹن سے ملاقات کی۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ کوف تمام معلومات صدر ٹرمپ تک پہنچائیں گے اس کے بعد ہم بات چیت کے وقت کا تعین کریں گے ۔