ٹرمپ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کا اسرائیلی منصوبہ روک دیا،کوئی جلدی نہیں:امریکی صدر

واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کا اسرائیلی منصوبہ روک دیا۔۔
ایٹمی پروگرام پر بات چیت کے پیش نظر حملے کی منصوبہ بندی منسوخ کی گئی۔امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ فیصلہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام سے متعلق معاہدے پر بات چیت کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔ اسرائیل نے مئی میں ایران کے جوہری مقامات پر حملے کا منصوبہ تیار کیا ۔ادھرٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کیلئے کوئی جلدی نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ ایران کے پاس ایک عظیم ملک بننے کا موقع ہے ۔یہ میرا پہلا آپشن ہے اگر دوسرے راستے پر چلے تو یہ ایران کیلئے بہت برا ہو گا تاہم انہوں نے امریکی اخبار کی رپورٹ کی تصدیق نہیں کی ۔اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل کبھی بھی ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔نیتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ وزیراعظم نے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف جنگ میں کئی خفیہ اقدامات کی قیادت کی ، ورنہ ایران آج جوہری ہتھیاروں کا مالک ہوتا۔ ان اقدامات نے ایران کے جوہری پروگرام میں تقریباً ایک دہائی تک تاخیر کی۔اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ رافائل گروسی نے خبردار کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے بہت دور نہیں ہے ۔ ایران کی جانب سے صرف یہی بتانا کافی نہیں ہے کہ ہمارے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہیں تاکہ وہ ایران کی بات پر یقین کر لے بلکہ ہمارا اس قابل ہونا ضروری ہے کہ ہم اس دعوے کی تصدیق بھی کر سکیں۔