کسی ملک نے ہمارا نقصان کرکے امریکا سے معاہدہ کیا تو سخت جواب دینگے : چین

کسی   ملک    نے    ہمارا    نقصان  کرکے    امریکا   سے  معاہدہ    کیا   تو  سخت    جواب   دینگے   :   چین

بیجنگ(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے کہاہے کہ کسی ملک نے ہمارا نقصان کرکے امریکا سے معاہدہ کیا تو سخت جواب دینگے ،امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے کرنے والے ممالک محتاط رہیں۔۔۔

اگر کوئی ملک اپنے وقتی مفادات کے لیے چین کے مفادات کو قربان کرتا ہے تو یہ طرز عمل ناکامی پر منحصر ہو گا اور تمام فریقین کو نقصان پہنچائے گا۔چین کی وزارت تجارت نے بیان میں کہا وہ کسی بھی ملک کی جانب سے امریکا کے ساتھ ایسے معاہدوں کی سخت مخالفت کرے گا جو چین کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچائیں۔ وزارت نے خبردار کیا اگر کوئی ملک چین کے نقصان پر معاہدہ کرتا ہے تو چین اسے کبھی قبول نہیں کرے گا ۔ بیان میں کہا گیا کہ مصالحت سے امن نہیں آتا اور سمجھوتہ عزت نہیں دلاتا۔ اپنے عارضی خودغرض مفادات کے لیے دوسروں کے مفادات قربان کرنا گویا شیر سے اسکی کھال مانگنے کے مترادف ہے جو بالآخر دونوں فریقین کے لیے ناکامی اور نقصان کا باعث بنے گا۔چین کا یہ بیان ایک رپورٹ کے ردعمل میں آیا جس میں کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ دیگر ممالک پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ امریکا سے ٹیرف کی چھوٹ یا رعایت کے بدلے چین سے تجارت محدود کریں۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ممالک سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ چین کی سستی صنعتی مصنوعات اپنی معیشتوں میں شامل نہ کریں، چینی کمپنیوں کو اپنے ہاں قائم ہونے سے روکیں اور چین سے سامان کی ترسیل کو محدود کریں تاکہ امریکی ٹیرف سے بچا جا سکے ۔ادھر امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے نئے ٹیرف پر چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ پرچینی ایئر لائن کیلئے تیار کیا گیا طیارہ امریکی بوئنگ کمپنی کو واپس کر دیا گیا۔عالمی میڈیا کے مطابق بوئنگ کمپنی کا طیارہ 737 میکس امریکا میں بوئنگ فیلڈ پر واپس پہنچ گیا۔یاد رہے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے دنیا بھر پر 10 فیصد عمومی ٹیرف عائد کیا گیا ہے جبکہ چین کی کچھ مصنوعات پر 145 فیصد تک محصولات لگائے گئے ہیں، جواب میں چین نے امریکی مصنوعات پر 125 فیصد تک ڈیوٹیز عائد کر دی ہیں۔علاوہ ازیں امریکا نے کچھ چینی مصنوعات پر 245فیصد ٹیرف عائد کیا ہے ۔ادھر امریکی ٹیرف نے چینی عوام میں امریکا کے خلاف جذبات کو مزید ہوا دی ہے ۔اس صورتحال میں چینی عوام میں ٹرمپ سے منسوب خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے چینی ساختہ ٹوائلٹ برش کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔یاد رہے کہ نارنجی اور پیلے رنگ کے بالوں والا یہ ’ٹرمپ ٹوائلٹ برش‘ ٹرمپ کے پہلے دورِ اقتدار میں سامنے آیا تھا جسکی فروخت میں اب ایک بار پھر سے اضافہ ہوا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں