ایرانی بندرگاہ پردھماکے میں ہلاکتیں 40 ،ایک ہزارزخمی
تہران (اے ایف پی)ایران کے شہر بندر عباس کی تجارتی بندرگاہ میں دھماکے اور آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 40ہوگئی جبکہ ایک ہزار سے زائد افرادزخمی ہیں ۔
صوبہ ہرمزگان کے اہلکار محمد عاشوری نے آبنائے ہرمز کے قریب واقع شاہد رجائی بندرگاہ میں ہفتے کے روز ہونے والے دھماکے کے بعد سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ 40 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ہرمزگان کرائسز مینجمنٹ سیل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دھماکا بہت شدید تھا تاہم دھماکے کی وجوہات کے بارے میں تاحال حتمی طور پر معلوم نہیں ہوسکا۔جائے وقوعہ پر اب بھی کالا دھواں دکھائی دے رہا ہے اورآگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے ۔فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اسے تقریباً 50 کلومیٹر دور تک محسوس کیا گیا اور سنا گیا۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے گزشتہ روز جائے وقوع کا دورہ کیااور دھماکے کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صورتحال اور وجوہات کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے ۔