ٹرمپ گرین لینڈ کو ضم کر کے تاریخ رقم کریں گے :روس
ٹیرف دھمکیاں غلط :برطانوی وزیر اعظم،بوجھ امریکی صارفین پر پڑے گا:جرمنی جوابی اقدامات پر غور ، یورپی یونین کے رہنما ؤں کا جمعرات کو ہنگامی اجلاس ہو گا
ماسکو(دنیا مانیٹرنگ)کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ اگر امریکا گرین لینڈ کو ضم کر لیتا ہے تو صدر ٹرمپ تاریخ رقم کریں گے ۔جب ان سے ٹرمپ کے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ گرین لینڈ کو روس کے خطرے سے محفوظ بنانا چاہتے ہیں، تو دمتری پیسکوف نے جواب دینے سے گریز کیا۔برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر نے ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک پر ٹیرف لگانے کی دھمکی کو بالکل غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی سنگین صورتحال ہے ۔برطانوی وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ اختلافات کو اس طرح حل کرنا درست طریقہ نہیں ہے اور یہ معاملہ اتحادیوں کے درمیان پرسکون بات چیت سے طے ہونا چاہیے ۔جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ سے متعلق پالیسیوں کی مخالفت کرنے والے ممالک پر مجوزہ ٹیرف امریکا اور یورپ دونوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کسٹمز ڈیوٹیز دراصل اس ملک کے صارفین ادا کرتے ہیں جہاں درآمدات آتی ہیں، اس صورت میں اس کا بوجھ امریکی صارفین پر پڑے گا۔ دوسری جانب برسلز میں یورپی یونین کے رہنما جمعرات کو ہنگامی اجلاس کے لیے ملاقات کریں گے تاکہ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ سے متعلق مخالف ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کے خطرات کا جائزہ لیا جا سکے ۔ یورپی کمیشن کی ترجمان کے مطابق 27 رکنی بلاک ممکنہ جوابی اقدامات پر غور کر رہا ہے ، تاکہ اگر واشنگٹن نے اپنے قریبی اتحادیوں کو اقتصادی دبا ئو کا نشانہ بنایا تو مناسب ردعمل دیا جا سکے ۔