بلاول کی ڈیووس میں شہباز شریف،فیلڈ مارشل سے ملاقات

بلاول کی ڈیووس میں شہباز شریف،فیلڈ مارشل سے ملاقات

ملکی و بین الاقوامی چیلنجز، معاشی حالت میں بہتری کے امور پر تبادلہ خیال عالمی اقتصادی فورم پاکستان کی ترقی کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم:بلاول بھٹو

ڈیووس (نیوز ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل  سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان کی موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال، ملکی و بین الاقوامی چیلنجز اور پاکستان کی معاشی حالت میں بہتری کے حوالے سے مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔عالمی اقتصادی فورم میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران تینوں رہنماؤں نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے ضروری اصلاحات اور عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر بات کی۔

انہوں نے پاکستان کی معاشی مشکلات کے حل کے لیے اندرونی اقدامات کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کو عالمی اقتصادی فورم میں شامل ہونے سے نہ صرف عالمی اقتصادی معاملات میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کرنے کا موقع مل رہا ہے ، بلکہ یہ پاکستان کی ترقی اور معاشی بہتری کے لیے بھی ایک اہم پلیٹ فارم ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنے معاشی حالات میں بہتری لانے کے لیے اصلاحات کی جانب قدم بڑھا رہا ہے ، اور اس کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔اس ملاقات سے یہ واضح ہو گیا کہ پاکستان کی قیادت معاشی استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر متفق ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے معاشی امکانات کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہے ۔ملاقات میں پاکستان کی اندرونی سیاسی صورت حال اور بین الاقوامی تعلقات بھی زیر بحث آئے ، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اپنی داخلی اصلاحات کو مضبوط کرتے ہوئے عالمی فورمز پر فعال کردار ادا کرے گا تاکہ عالمی معیشت میں پاکستان کی شراکت داری اور اثرورسوخ کو بڑھایا جا سکے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں