بھارت:ارب ڈالر کا دفاعی پیکج منظور،114رافیل طیارے خریدنے کا فیصلہ
بھارتی ڈیفنس ایکوزیشن کونسل نے نئے میزائل اور سیٹلائٹ سسٹم خریدنے کے لیے بھی رقم کی منظوری دی خریداری کا مقصد فضائی قوت میں اضافہ، نگرانی کو موثر بنانا ہے ، کوسٹ گارڈز کو بھی مضبوط کیا جائیگا:وزارت دفاع
نئی دہلی(دنیا مانیٹرنگ)بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی سربراہی میں ڈیفنس ایکوزیشن کونسل نے دفاعی فورسز کی صلاحیت میں اضافے کیلئے 39 ارب ڈالرز کے پیکیج کی منظوری دے دی۔ جمعرات کو دہلی میں ہونے والے اجلاس میں اس بجٹ کی منظوری دی گئی، جس کے تحت مزید رافیل لڑاکا طیارے انڈین فضائیہ میں شامل کیے جائیں گے ۔خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انڈیا نے 114 رافیل طیارے اور دیگر فوجی سازو سامان کی خریداری کے لیے 39 ارب ڈالرز کی منظوری دی ہے ۔کونسل نے نئے میزائل اور سیٹلائٹ سسٹم خریدنے کے لیے بھی رقم کی منظوری دی ہے ۔وزارت دفاع نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ اس کا مقصد فضائی قوت میں اضافہ اور نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج اور بحریہ کو بھی اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے جبکہ کوسٹ گارڈز کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔وزارت دفاع نے جمعرات کو فرانس کے ساتھ 114 رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کے طویل عرصے سے زیر التوا معاہدے کی منظوری دے دی۔ اسی طرح کی خریداری کو تقریباً 13 سال قبل حتمی شکل دی گئی تھی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔