موسمیاتی تبدیلی:عالمی برادری معاونت کرے ، چیئرمین سینیٹ
یوسف رضا کی آئی پی یو قیادت سے ملاقاتیں، فعال پارلیمانی سفارتکاری کو اجاگر کیا
نیویارک(این این آئی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نیویارک میں انٹر پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی صدر ڈاکٹر ٹولیا ایکسن اور سیکرٹری جنرل مارٹن چونگونگ سے اہم الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان کی فعال، باوقار اور مؤثر پارلیمانی سفارت کاری کو اجاگر کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان دنیا کے اْن ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی انصاف اور مشترکہ ذمہ داری کے اصولوں کے تحت ترقی پذیر ممالک کی معاونت کرے ۔ چیئرمین سینیٹ نے آئی پی یو کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور دیرینہ وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان مسلسل آئی پی یو اسمبلیوں، قائمہ کمیٹیوں اور عمومی مباحث میں فعال شرکت کر رہی ہے ۔