خواتین کیلئے مساوی انصاف کا مطالبہ
نیویارک (آن لائن) پاکستان کی کم عمر نوبیل انعام یافتہ، تعلیم و خواتین کے حقوق کی علمبردار ملالہ یوسفزئی نے اقوامِ متحدہ میں خواتین اور بچوں کے لیے مساوی انصاف کا مطالبہ کر دیا۔۔۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ کے تحت ہونے والے اقوامِ متحدہ کمیشن برائے خواتین کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر میں خواتین اور بچوں کے لیے مساوی انصاف کی ضرورت پر زور دیا۔اپنے خطاب میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ انسانی حقوق کا دارومدار کسی ملک کے محلِ وقوع یا سیاسی مفادات پر نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہر انسان کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں رہتا ہو۔انہوں نے ایرانی شہر میناب میں کمسن بچیوں کے سکول پر ہونے والے حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ملالہ یوسفزئی نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ غزہ، افغانستان اور ایران میں صنفی امتیاز کو انسانیت کے خلاف جرم کے طور پر تسلیم کریں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید مضبوط اقدامات کریں۔