سیز فائر خلاف ورزی کا الزام، نیتن یاہو کا حزب اللہ پر شدید حملوں کا حکم
جنگ بندی کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کے باوجود اسرائیلی بمباری ،6افراد شہید،17زخمی اسرائیل نے ضلع نباتیہ میں ٹرک ، موٹرسائیکل کو نشانہ بنایا ، حزب اللہ پر راکٹ حملوں کا الزام
بیروت(اے ایف پی)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فوج کو لبنان میں حزب اللہ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے ۔قبل ازیں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حزب اللہ نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔ وزیراعظم کے دفتر نے مختصر بیان میں کہا گیا کہ نیتن یاہو نے اسرائیلی دفاعی فوج کو حزب اللہ کے اہداف پر بھرپور حملے کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اسرائیل کا موقف ہے کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر بھرپور اور فوری جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔ لبنان کی وزارت صحت نے ہفتے کو بتایا کہ ملک کے جنوب میں اسرائیلی حملوں میں چھ افراد شہید اور 17زخمی ہو گئے حالانکہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ نباتیہ ضلع کے شہر یحمور الشقِیف میں ایک ٹرک اور موٹرسائیکل پر اسرائیلی حملوں میں چار افراد شہید ہوئے ۔بنت جبیل ضلع کے شہر صفاد البطِّخ میں اسرائیلی فضائی حملے میں دو افرادمارے گئے اور 17 زخمی ہوئے ۔ادھراسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف)نے الزام عائد کیا ہے کہ لبنان سے اسرائیلی علاقے کی جانب دو راکٹ داغے گئے ، یہ حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔فوج کا کہنا ہے کہ ایک راکٹ کو راستے میں ہی روک لیا گیا جبکہ دوسرا ایک کھلے علاقے میں آ گرا۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اسرائیل اور حزب اللہ دونوں ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں، جنگ بندی میں حال ہی میں تین ہفتوں کی توسیع کی گئی تھی۔