لبنان :اسرائیلی فضائی حملے ، 13 افراد شہید،32زخمی
جنوبی لبنان میں مسیحی عبادتگاہ کو نقصان،کیتھولک خیراتی ادارے کی مذمت حزب اللہ کے ڈرونز اسرائیلی فوج کیلئے مشکلات پیدا کررہے :برطانوی میڈیا
تل ابیب ،بیروت(اے ایف پی)جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 4 خواتین اوربچے سمیت 13افرادشہید ، جبکہ 32 زخمی ہو گئے ۔2خواتین اوربچے سمیت8افراد حبوش کے علاقے میں شہید ہوئے ،2خواتین سمیت 4 افرادضلع صیدا میں مارے گئے ،جبکہ ایک اورشخص عین بال کے علاقے میں شہید ہوا ۔حزب اللہ نے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوجیوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حالیہ تنازع میں اب تک 17 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ۔علاوہ ازیں جنوبی لبنان کے گاؤں یارون میں اسرائیلی کارروائی کے دوران ایک مسیحی عبادتگاہ کو نقصان پہنچا، کیتھولک خیراتی ادارے نے حملے کی شدید مذمت کی۔
ادارے نے عمارت کو کانوینٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عبادتگاہ کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی حکام نے عمارت کی مکمل تباہی کی تردید کی ہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے سستے فائبر آپٹک ڈرونزجنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کیلئے نئی مشکلات پیدا کررہے ہیں۔ ایک ہفتے میں 2 فوجی اور ایک ٹھیکیدار ڈرون حملوں میں ہلاک ہو چکے ، جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ۔ ماہرین کے مطابق یہ چھوٹے اور سستے ڈرون بچوں کے کھلونے جیسے ہیں اوراسرائیل کے پاس ان کا موثر مقابلہ کرنے کی تیاری نہیں تھی۔ ڈرون فائبر کیبل سے براہ راست کنٹرول کیے جاتے ہیں، جس سے انہیں ریڈار یا الیکٹرانک جنگ کے ذریعے پکڑنا مشکل ہے ۔ ان کی رفتار اور درستگی سے اسرائیلی اہداف پر شدید نقصان ممکن ہے۔