جنگ بندی مذاکرات،زیلنسکی کی پیوٹن کو ملاقات کی پیشکش

 جنگ بندی مذاکرات،زیلنسکی کی پیوٹن کو ملاقات کی پیشکش

مکمل جنگ بندی کیلئے تیار :یوکرینی صدر، جب چاہیں ماسکو آسکتے :روس امریکا نے اہم کردار ادا کیا،جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہو سکتی :ٹرمپ

ماسکو،کیف،واشنگٹن(اے ایف پی)یوکرین کے صدر زیلنسکی نے روسی ہم منصب پیوٹن کو ایک کھلے خط کے ذریعے براہ راست ملاقات کی پیشکش کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی دعوت دی ہے ۔ زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین اس جنگ کو براہِ راست رابطے کے ذریعے ختم کرنے کی تجویز دیتا ہے ، میں ملاقات کی پیشکش کرتا ہوں۔ یوکرین مکمل جنگ بندی کیلئے تیار ہے ۔دوسری جانب کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ زیلنسکی روسی ہم منصب پیوٹن سے ملاقات کیلئے جب چاہیں ماسکو آ سکتے ہیں، تاہم انہوں نے بتایا کہ صدر پیوٹن کو ابھی تک زیلنسکی کا خط نہیں دکھایا گیا۔ مبصرین کے مطابق یہ پیشکش روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے حل کیلئے ایک اہم سفارتی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے زیلنسکی اور پیوٹن کے درمیان ممکنہ براہِ راست ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے ۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر دونوں رہنما آمنے سامنے ملاقات کرتے ہیں تو یہ بہت اچھا ہوگا اور اس سے جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پیش رفت میں امریکا نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین دونوں کو تنازع کے حل کے لیے سمجھوتے کرنا ہوں گے ، جن کے لیے انہوں نے بعض تجاویز بھی پیش کی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں