بغیر ڈیل بھی افزودہ یورینیم کا حصول ممکن، امریکی فوج پر حملہ جنگ کے دوبارہ آغاز کا جواز بن سکتا ہے: ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل کیے بغیر بھی افزودہ یورینیم حاصل کیا جا سکتا ہے، ایران کی جانب سے امریکی فوج پر حملہ جنگ کے دوبارہ آغاز کا جواز بن سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈیل کے تحت ایران نیو کلیئر ہتھیار نہیں رکھ سکے گا، ایران کے ساتھ معاہدے کی صورت میں آبنائے ہرمز فوری کھول دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات نہیں کرنا چاہتا، ایران کے ساتھ ڈیل کی صورت میں سپریم لیڈر سے ملاقات ممکن ہے، جبکہ ایک صحافی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آپ جلد جان جائیں گے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہے کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امن قائم ہونا لبنان کیلئے اچھا ہوگا، لبنان کی صورتحال پر نظر رکھنی ہوگی، حزب اللہ سے لبنان کی صورتحال پر گفتگو کی ہے۔
یوکرین روس جنگ کے حوالے سے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین تنازع کے حل کیلئے مصالحت ضروری ہے، یوکرین کے صدر زیلنسکی اور روسی صدر پیوٹن ملاقات کریں تو یہ بہت اچھا ہوگا۔
صدر ٹرمپ کا بڑھتی کشیدگی کے باوجود ایران پر حملہ نہ کرنے کا فیصلہ
اس سے پہلے بھی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں کو بتایا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، جب تک تہران براہِ راست امریکی فوجیوں کو ہلاک نہ کرے۔
اس حوالے سے امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کا یہ مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ تنازع کو ایک وسیع علاقائی جنگ میں تبدیل کرنے سے گریز کرنا چاہتے ہیں، امریکی صدر محدود نوعیت کے واقعات اور کشیدگی کو برداشت کرنے کیلئے تیار دکھائی دیتے ہیں تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر تصادم سے بچا جا سکے۔