روسی صدر نے بھارت کے گودی میڈیا کو آئینہ دکھا دیا
ماسکو: (دنیا نیوز) روسی صدر نے بھارت کے گودی میڈیا کو آئینہ دکھا دیا۔
روسی صدر پیوٹن نے پاکستان مخالف سوال پر بھارتی صحافی کو لاجواب کردیا، روسی صدر نے کہا کہ پاکستان بڑا خود مختار ملک ہے، کسی کا تابع نہیں، امید ہے امریکا اورایران کسی سمجھوتے پر پہنچ جائیں گے، روس بھی امریکا ایران معاہدہ چاہتا ہے، یوکرین کے ساتھ پر امن طریقے سے معاہدے کیلئے تیار ہیں۔
روسی صدر پیوٹن نے سینٹ پیٹرز برگ اکنامک فورم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ ہمیشہ فوجی میدان میں تعاون کیا، ایسا کرنا جاری رکھیں گے، ہم کسی کے خلاف نہیں، باہمی مفدات کیلئے کام کرتے ہیں، چین کے ساتھ ہمارے مفادات یکساں ہیں۔
روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ بھارت، امریکا تعلقات روس اور بھارت تعلقات میں کبھی رکاوٹ نہیں بنے، ہم بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینا جاری رکھیں گے، ڈونباس کے علاقے کا کنٹرول حاصل کرسکتے اور اب بھی امن معاہدہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روسی افواج یوکرین میں پیش قدمی کررہی ہیں، یوکرین کی فوج کا سب سے بڑا مسئلہ عملے کی شدید کمی ہے، یوکرین اپنے علاقے کھو رہا ہے، لوہانسک پرروس کا مکمل کنٹرول ہے، روس نے حال ہی میں یوکرین کا 2440مربع کلومیٹر کا علاقہ قبضے میں لیا۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین کو میزائلوں اور دیگر اسلحے کی کمی کا سامنا ہے، ہم یوکرین کے ساتھ پرامن طریقے سے ڈیل کرنے کیلئے تیار ہیں، الاسکا میں صدر ٹرمپ نے سمجھوتوں کا کہا، روس اس کیلئے تیار ہے، یوکرین کو بھی سمجھوتہ کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر پیوٹن نے کہا کہ روسی اور یورپی انٹیلی جنس سروسز کے درمیان رابطے جاری ہیں، جرمنی کو نورد اسٹریم کے ذریعے روسی گیس کی فراہمی پر فیصلہ کرنا ہوگا، ہم جرمنی کو روسی گیس کی فراہمی کے لئے تیار ہیں۔