پاک امریکا تعلق 8 دہائیوں پر محیط، دعا ہے دوستی مزید مضبوط ہو: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کا تعلق 8 دہائیوں پر محیط ہے، دعا ہے دونوں عظیم قوموں کے درمیان دوستی آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہو۔

وفاقی دارالحکومت میں امریکا کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی حکومت اورعوام کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی انتظامیہ اور عوام کومبارکباد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکا کی تاریخ امید اور روشن خیالی کی داستان ہے، انسداد دہشت گردی، تجارت، سرمایہ کاری کے شعبے میں بہترین تعلقات ہیں، قیام پاکستان کے بعد امریکا ان اولین ملکوں میں شامل تھا جنہوں نے پاکستان کو تسلیم کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ امریکی جامعات سے فارغ التحصیل ہزاروں پاکستانی معیشت میں اہم کردارادا کر رہے ہیں، پاکستان دنیا کی بڑی فری لانس افرادی قوت رکھتا ہے، امریکا میں دنیا بھر کے ماہر ڈاکٹرز میں بہت سے پاکستانی شامل ہیں جو انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا نے تاریخ کے اہم ترین ادوار میں مل کر کام کیا ہے، صدر ٹرمپ کی بروقت مداخلت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’’مین آف پیس‘‘ قرار دے دیا، دعاگو ہیں جلد خطے میں پائیدار امن قائم ہو، گزشتہ ہفتے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان واشنگٹن میں مثبت ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیٹلی بیکر نے پاکستان میں امریکا کی ایک بہترین نمائندہ کے طور پر کام کیا ہے، نیٹلی بیکر نے فعال سفارت کاری سے دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کے ہمیشہ شکرگزار رہیں گے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہمیشہ ایک ’’امن کے داعی‘‘ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ایک مخلص ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے، اعتماد کے اظہار پر امریکا اور ایران کے شکرگزار ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو بھی سراہتے ہیں، فیلڈ مارشل علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں