پاکستان اور امریکا کی دوستی مشترکہ مفادات اور تعاون پر مبنی ہے: نیٹلی بیکر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے وزیراعظم شہباز شریف کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بہترین اور مضبوط شراکت داری موجود ہے۔

نیٹلی بیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری ایک مشترکہ جذبے کے تحت آگے بڑھ رہی ہے، جبکہ حقیقی دوستی مشترکہ مفادات اور باہمی تعاون پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتی ٹیم نے ویزا، تجارت، سرمایہ کاری اور سکیورٹی تعاون کے شعبوں میں انتھک محنت کی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

امریکی ناظم الامور کے مطابق اسلام آباد نے اپریل میں ایران اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کی میزبانی کی، جو سفارتی سطح پر پاکستان کے کردار کا اہم مظہر ہے۔

نیٹلی بیکر نے کہا کہ مضبوط پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے اور دونوں ممالک کی شراکت داری زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران جنگ بندی کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہا۔

نیٹلی بیکر نے اپنی گفتگو میں لاہور میں بسنت کے تہوار میں شرکت کا ذکر کرتے ہوئے اسے ایک شاندار ثقافتی تقریب قرار دیا، جبکہ انہوں نے کہا کہ امریکا 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کر رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں