پیٹ کمنز آسٹریلیا کیلئے کم از کم 21 مزید ٹیسٹ میچز کھیلنے کے خواہشمند
کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان پیٹ کمنز نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ 12 ماہ کے مصروف ترین شیڈول کے دوران تمام ٹیسٹ میچز کھیل سکیں گے۔
تاہم پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے تینوں اہم فاسٹ باؤلرز کا ہر میچ میں دستیاب رہنا غیر معمولی بات ہوگی۔
کمر کی انجری کے باعث طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہنے کے بعد کمنز نے حال ہی میں آئی پی ایل میں واپسی کی جہاں انہوں نے چار ماہ بعد مسابقتی کرکٹ کھیلی۔
ان کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے نتائج مثبت آئے ہیں اور اب وہ اپنی فٹنس کو ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
آسٹریلیا اگست میں بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز سے ایک ایسے دور کا آغاز کرے گا جس میں اگلے ایک سال کے دوران 21 تک ٹیسٹ میچز کھیلنے کا امکان ہے۔
اس دوران ٹیم بھارت اور انگلینڈ کے اہم دوروں کے علاوہ جنوبی افریقا کا بھی سفر کرے گی۔
کمنز کا کہنا ہے کہ اتنے زیادہ ٹیسٹ میچز میں ایک ہی فاسٹ باؤلنگ اٹیک کا مسلسل کھیلنا مشکل دکھائی دیتا ہے اس لئے کھلاڑیوں کی روٹیشن ناگزیر ہو سکتی ہے، ان کی پہلی ترجیح ٹیسٹ کرکٹ ہوگی اس لئے محدود اوورز کی کرکٹ اور بگ بیش لیگ میں شرکت محدود رہ سکتی ہے۔
آسٹریلوی کپتان نے تجربہ کار فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کی بھی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انجری مسائل کے باوجود وہ مستقبل میں باقاعدگی سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔