امریکا، کینیڈا اور یورپ میں بھارتی جرائم پیشہ گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 24 افراد گرفتار
لاس اینجلس،نئی دہلی(اے ایف پی)امریکا، کینیڈا اور یورپ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی میں بھارتی منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 24 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران درجنوں افراد پر مقدمات درج کیے گئے ، جن میں بھارت کی جیلوں سے مبینہ طور پر عالمی جرائم نیٹ ورک چلانے والے دو افراد بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ گروہ بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، فائرنگ اور منشیات کی سمگلنگ سمیت مختلف جرائم میں ملوث تھے ۔ کارروائی میں 2023 میں کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل سے متعلق الزامات کی تحقیقات بھی شامل ہیں۔دوسری جانب بھارتی پنجاب پولیس نے ایک افسر کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں جس کا نام امریکی حکام نے بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ کی بھتہ خوری کی تحقیقات میں شامل کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق انسپکٹر گروندرجیت سنگھ ناگرا کو امریکی حکام کی تفتیش کے تناظر میں عہدے سے ہٹا کر تحقیقات مکمل ہونے تک غیر فعال کردیا گیا ہے ۔امریکی حکام نے بھارتی جیل میں قید لارنس بشنوئی اور جگگو بھگوان پوریا پر عالمی جرائم پیشہ نیٹ ورک چلانے کا الزام عائد کیا ہے ۔