غزہ :پولیس ہیڈکوارٹرپراسرائیلی حملہ، 9 شہید، 20 زخمی

غزہ :پولیس ہیڈکوارٹرپراسرائیلی حملہ، 9 شہید، 20 زخمی

جرمنی، فرانس کی غزہ میں 40 افراد روزانہ شہید کرنے کے اسرائیلی بیان کی مذمت غزہ میں پہلا ہفتہ 30 ممالک میں کام کے تجربے سے زیادہ تکلیف دہ تھا:امریکی ڈاکٹر ہند رجب شہادت کیس، اسرائیلی فوج نے فائرنگ کا اعتراف کرلیا،تحقیقات کا حکم

غزہ سٹی،برسلز،لاس اینجلس(اے ایف پی)غزہ سٹی میں میونسپل پولیس ہیڈکوارٹرز پر اسرائیلی حملے میں خاتون اور بچی سمیت 9 افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئے ۔ اسرائیلی فوج نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے کہا کہ کارروائی میں حماس کے کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا جو اسرائیلی فوجیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

جرمنی اور فرانس نے اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کے غزہ میں روزانہ 30 سے 40 افراد کو شہیدکرنے کے بیان کی شدید مذمت کی ہے ۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرٹز نے بیان کو غیر انسانی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ناقابل قبول قرار دیا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے بھی بن گویر کے بیان کو ناقابل برداشت اور غیر انسانی قرار دیا۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے دوران طبی خدمات انجام دینے والے امریکی آرتھوپیڈک سرجن مارک پرلمٹر نے ہولناک حالات کا ذکر کرتے بتایاغزہ میں صرف پہلا ہفتہ ان کے 30 ممالک میں قدرتی آفات اور جنگی علاقوں میں کام کے تمام تجربات سے زیادہ تکلیف دہ تھا۔دوسری جانب غزہ کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی خدمات اور انسانی المیے پر بنائی گئی دستاویزی فلم ‘‘امریکن ڈاکٹر’’سن ڈانس فلم فیسٹیول میں پیش کی جاچکی ہے اور جمعہ سے امریکا کے منتخب سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائیگی۔ فلم میں مختلف پس منظر رکھنے والے تین امریکی ڈاکٹروں کی غزہ میں خدمات دکھائی گئی ہیں۔ ڈاکٹروں نے ہسپتالوں پر حملوں، طبی عملے پر تشدد اور بچوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ اسرائیلی فوج نے 2024 میں غزہ میں 5 سالہ فلسطینی بچی ہند رجب کی گاڑی پر فوجیوں کی فائرنگ کا اعتراف کرتے ہوئے واقعہ کی فوجداری تحقیقات کا حکم دے دیا۔ فوج کے مطابق جائزے میں سامنے آیا کہ اہلکاروں نے ایسی گاڑی پر فائرنگ کی جو علاقے میں جاری پیشگی انتباہ کے برخلاف انکی جانب بڑھ رہی تھی، جس سے 5 گاڑی سوار شہید ہوئے جبکہ ہند رجب اور اسکی کزن لیان حمادہ زندہ بچی تھیں۔ بعدازاں امداد کیلئے پہنچنے والی فلسطینی ہلال احمر کی ایمبولینس پر بھی گولہ داغا گیا، جس سے 2 طبی کارکن شہید ہوئے ۔ بعدمیں ہند رجب کی لاش 6 رشتہ داروں کے ہمراہ گولیوں سے چھلنی گاڑی سے برآمد ہوئی تھی۔ واقعے پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...