ریاض ایئرپورٹ پر حوثی حملے ، پائلٹ سمیت 3 افراد جاں بحق

ریاض ایئرپورٹ پر حوثی حملے ، پائلٹ سمیت 3 افراد جاں بحق

کروز میزائل سے بنیادی ڈھانچے ، طیارے کو نشانہ بنایا گیا ،متعدد افراد زخمی پی آئی اے کا ریاض کیلئے آپریشن عارضی طور پر معطل ، اردن میں سکیورٹی الرٹ

ریاض ، اسلام آباد،عمان(مانیٹرنگ ڈیسک، دنیا نیوز)سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ  پریمن کے حوثی باغیوں کے دو حملوں میں ایک پائلٹ سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، کروز میزائل سے ایئرپورٹ کے بنیادی ڈھانچے اور گراؤنڈ پر کھڑے سعودیہ ایئرلائنز کے طیارے کو نشانہ بنایا گیا ۔سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی (جی اے سی اے )نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حوثی باغیوں کے حملوں کے نتیجہ میں پائلٹ کیپٹن حمود علی الکلثمی سمیت 3 سعودی شہری جاں بحق ، متعدد شہر ی اور مقامی رہائشی معمولی اور شدید زخمی ہوئے ، واقعات کے پیش آتے ہی ہنگامی امدادی ٹیموں اور متعلقہ حکام نے فوری کارروائی کی، زخمیوں کو فوری طور پر ضروری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جی اے سی اے کا کہنا ہے کہ اتھارٹی، تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور رابطے میں ہیں، ایئرپورٹ پر تمام آپریشنل سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آ گئی ہے ۔دوسری طرف سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے سمیت متعدد عالمی ایئرلائنز نے ریاض کیلئے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں ۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے )نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کے دیگر شہروں کیلئے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے ، تاہم پی آئی اے نے صرف ریاض کیلئے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کی ہیں۔ادھر اردن میں امریکی سفارتخانے نے سعودی عرب اور حوثی ملیشیا کے درمیان تنازع شدت اختیار کرنے کے تناظر میں امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے ۔امریکی سفارتخانے کے مطابق خطے میں کشیدگی بڑھنے کے باعث پروازیں منسوخ ہونے اور فضائی حدود بند ہونے کا خدشہ ہے ، امریکی شہری ممکنہ سفری رکاوٹوں کے حوالے سے احتیاط برتیں،ایران اور اس کے اتحادی دنیا بھر میں امریکی مفادات کو نشانہ بنا سکتے ہیں جبکہ امریکی کاروباری اداروں اور امریکا سے وابستہ مقامات کو بھی ممکنہ خطرات لاحق ہیں۔ اردن میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات کو سنجیدگی سے لیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...