امریکا کا ایران کیخلاف ’’تما م بموں کی ماں ‘‘استعمال کرنے پر غور

 امریکا کا ایران کیخلاف ’’تما م بموں کی ماں ‘‘استعمال کرنے پر غور

ماہرین کو بم کی افادیت پر شکوک و شبہات، شہری ہلاکتوں کے خدشے کا اظہار انقلاب1979 کے بعد سخت ترین ناکہ بندی ،مشکلات کا سامنا :ایرانی صدر خلیج عمان میں ممنوعہ علاقے سے گزرنے والے آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی

واشنگٹن،تہران (مانیٹرنگ نیوز )امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کی صورت میں اپنا سب سے بڑا غیر جوہری بم استعمال کرنے پر غور کر رہا ہے ۔ ٹرمپ اس حوالے سے فیصلہ کر سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی فوج جی بی یو 43بی میسیو آرڈننس ایئر بلاسٹ (ایم او اے بی)بم استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ، جسے اس کے عرفی نام ’’مدر آف آل بمز‘‘یعنی ’’تمام بموں کی ماں‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔اس بم کے ذریعے ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے ۔تاہم امریکی حکام نے اس بم کے ممکنہ استعمال کی افادیت پر شکوک و شبہات ظاہر کیے ہیں، خصوصاً اس بات پر کہ آیا یہ ایران میں زیر زمین واقع مشتبہ جوہری تنصیبات کو تباہ کر سکے گا یا نہیں۔منصوبہ بندی سے واقف ایک ذریعے نے سی این این کو بتایا کہ ایم او اے بی ایک بہت بڑا بم ہے ، جو وسیع علاقے کو صاف کرنے کیلئے مؤثر ہے ، لیکن اس کے علاوہ اس کی افادیت محدود ہے ۔اتنے بڑے بم کے استعمال سے شہریوں کی ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

واضح رہے کہ امریکی فوج نے 2017 میں افغانستان میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے ’’ایم او اے بی‘‘بم گرایا تھا۔ یہ کارروائی سرنگوں اور بنکروں کے ایک وسیع نیٹ ورک میں کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 90 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے تھے ۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کو 1979 کے انقلاب کے بعد اب تک کی سخت ترین ناکہ بندی، جنگ اور مشکلات کا سامنا ہے ۔ سرکاری ٹی وی پر نشر خطاب میں انہوں نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ ایرانی عوام کی زندگی مشکل بنا کر غصہ بڑھانا اور احتجاج کو ہوا دینا چاہتا ہے ۔ ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ خلیج عمان میں ممنوعہ علاقے سے گزرنے کی کوشش کے دوران ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ ایرانی حکام نے آگ لگنے کی وجہ اور ذمہ دار فریق کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ ایران نے ستمبر میں آبنائے ہرمز کی جانب جانے والے بحری راستوں کے بعض حصوں کو ممنوعہ علاقہ قرار دیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...