پاک قطر کا تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
پاکستان کی قطر سے ہڈی والے گوشت کی برآمد پر پابندی جلد ختم کرنیکا مطالبہ
دوحہ (دنیا نیوز)پاکستان اور قطر نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔اس حوالے سے پاکستان قطر مشترکہ ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس دوحہ میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے کی۔اجلاس میں پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے پاک خلیج تعاون کونسل آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی حکام نے قطر سے ہڈی والے گوشت کی برآمد پر عائد پابندی جلد ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا اورقطر کو جدید زراعت، اناج ذخیرہ کرنے ، کولڈ سٹوریج ، زرعی ٹیکنالوجی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور آئی ٹی خدمات کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ دونوں ممالک میں الیکٹرک گاڑیوں اور نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری، مشترکہ تیاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی شراکت داری کے مواقع بھی زیر غور آئے ۔
پاکستان نے آئل ٹینکرز، ایل این جی کیریئرز اور کنٹینر جہازوں کے شعبوں میں تعاون کے مواقع پیش کیے ۔ قطر نے پاکستان کے ساتھ سول ایوی ایشن اور فضائی روابط میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ پاکستان نے اس تجویز کا خیرمقدم کیا ۔پاکستان نے زراعت، معدنیات، صنعت، تعلیم، صحت، سیاحت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے گیارہ تکنیکی ورکنگ گروپس کو جلد فعال بنانے پر زور دیا ۔ پاکستان قطر مشترکہ ٹاسک فورس کا تیسرا اجلاس پاکستان میں منعقد ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطری وزیر مملکت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے مشترکہ ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس کے منٹس پر باضابطہ دستخط کیے ۔دریں اثنا، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے دوحہ میں ورلڈ انویسٹمنٹ فورم کی سربراہ نان لی کولنز سے بھی ملاقات کی اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments