اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

اوور بلنگ پر سزا

نیپرا نے اوور بلنگ پر تین سال کی سزا کا بل منظور کر لیا ہے جبکہ اوور بلنگ پر کارروائی کا اختیار بھی ایف آئی اے سے لے کر نیپرا کو دے دیا گیا ہے۔ اوور بلنگ پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کے حوالے سے قانون سازی خوش آئند ہے کہ اس سے عوام کی کسی قدر اشک شوئی ہو سکے گی۔ قبل ازیں اس حوالے سے شکایات پر اول تو کوئی خاص کارروائی ہی نہیں ہوتی تھی‘ بجلی کی ترسیلی کمپنیوں میں اس حوالے سے شکایتی سیل ضرور قائم تھے جہاں متعلقہ محکمہ خود ہی انکوائری کرتا تھا اور اکثر اپنے محکمے کے افسران اور اہلکاروں کو بے قصور قرار دے کر اوور بلنگ کا سارا بوجھ عوام پر منتقل کر دیا جاتا تھا۔ اوور بلنگ کا دہرا نقصان سلیب ریٹ بڑھنے سے کئی گنا زیادہ بل کی صورت میں برداشت کرنا پڑتا ہے۔ عموماً بجلی کے ترسیلی خسارے اور محکمانہ کوتاہیوں کو چھپانے کیلئے اوور بلنگ کی جاتی ہے اور سارا بوجھ بے قصور افراد پر ڈال کر کاغذوں میں سب اچھا کی رپورٹ دے دی جاتی ہے۔ اوور بلنگ پر سزا کا خوف اب اہلکاروں کی سمت درست رکھنے میں معاون ثابت ہو گا جبکہ ترسیلی کمپنیاں بھی اپنے خسارے کو اوور بلنگ کی آڑ میں چھپانے سے باز رہیں گی اور ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس حوالے سے متاثرہ صارفین کے ازالے کا بھی کوئی میکانزم ہونا چاہیے تاکہ محکمانہ غفلت کا خمیازہ عوام کو نہ بھگتنا پڑے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement