اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پاسپورٹ بنوانے کیلئے آسانی

 حکومت نے شہریوں کی پاسپورٹ خدمات تک رسائی آسان بنانے کیلئے لاہور اور کراچی میں ایک‘ ایک پاسپورٹ دفتر 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام خوش آئند ہے کیونکہ محدود دفتری اوقات اور پاسپورٹ دفاتر کی کمی کی وجہ سے شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول کیلئے گھنٹوں قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ اس سے قبل نادرا دفاتر 24/7 کھلا رکھنے کے نہایت مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ اب شہری لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہوئے بغیر بآسانی اپنا قومی شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ اسی طرح پاسپورٹ خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے بھی حکومت پاسپورٹ دفاتر کی تعداد بڑھانے کے بجائے محض پہلے سے موجود دفاتر کے اوقات کار کو بڑھا کر شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کر سکتی ہے۔ پاسپورٹ دفاتر کے باہر موجود ایجنٹس اور ٹاؤٹس کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرنے کی ضرورت ہے جو شہریوں سے جلد پاسپورٹ بنوانے کی بھاری رقم وصول کرتے ہیں۔پاسپورٹ کی پرنٹنگ میں تاخیر کے مسائل بھی وقتاً فوقتاً سر اٹھاتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اس حوالے سے سامنے آنے والے اعدادو شمار کے مطابق پاسپورٹ کی طباعت کا بیک لاگ ایک بار پھر دو لاکھ سے تجاوز کرچکا ہے۔ پاسپورٹ کی بروقت فراہمی کے لیے پاسپورٹ کی چھپائی کے مسائل کو بھی دورکیا جانا چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement