اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

فنی تربیت کا فروغ و آگاہی

وزیراعظم شہباز شریف نے بیرونِ ملک افرادی قوت کے بہتر روزگار کیلئے فنی تربیت کے فروغ کی غرض سے ایک تربیتی ادارہ قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ فیصلہ خوش آئند ہے کہ باعزت روزگار کیلئے فنی تعلیم کی ضرورت بہت بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں نوجوان آبادی کا اکثریتی حصہ ہیں جنہیں فنی تربیت فراہم کر کے روزگار کے قابل بنایا جانا چاہیے۔یہ نوجوان جب بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرونی ممالک کا رُخ کرتے ہیں تو ہاتھ میں کوئی ہنر نہ ہونے کی وجہ سے چھوٹی موٹی مزدوری تک محدود رہتے ہیں۔فنی تربیت کے نئے ادارے اس کام میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔اس سے ملک کی نوجوان افرادی قوت کو عالمی معیار کی تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی یقینی بنانے کی راہ ہموار ہو گی۔ فنی تربیت کے فروغ سے نہ صرف بے روزگاری کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ ہنر مند افراد ملکی معیشت کو بھی سہارا دے سکیں گے۔بیرون ملک ہی نہیں ملک کے اندر بھی ہنر مند افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔ چند ماہ سے چند سال تک کی تربیت کسی فرد کو عمر بھر کیلئے روزگار کے قابل بنا سکتی ہے۔ ضروری ہے کہ اس ضمن میں نوجوانوں کی  آگاہی کا کام بھی کیا جائے۔ نوجوانوں کو معاشی طور پر خودکفالت کی راہ دکھانا ملک و قوم کے ساتھ عظیم بھلائی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement