اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

غیر معیاری گندم

پنجاب میں غیر معیاری‘ فنگس زدہ اور مٹی ملی گندم کے استعمال پر 42 فلور ملز کو بھاری جرمانے عائد کرنے کے بعد اُن کے لائسنس بھی معطل کر دیے گئے۔ ملکِ عزیز میں حفظانِ صحت کے اصولوں کو پس پشت ڈال کر کمرشل سطح پر غیر معیاری خوراک کی تیاری ایک عام لیکن سنجیدہ مسئلہ ہے مگر حکومتی عدم توجہی کے باعث یہ حل ہونے ہی میں نہیں آ رہا۔ پنجاب حکومت کا غیر معیاری گندم کے استعمال پر فلور ملز کے خلاف ایکشن خوش آئند ہے ‘ یہ اقدام صرف فلور ملز تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ عوام کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی کیلئے اس کا دائرہ کار تمام فوڈ پوائنٹس تک بڑھانا چاہیے۔ یہاں یہ امر بھی ذہن نشین رکھنے کی ضرورت ہے کہ حالیہ دنوںمیں کیڑا لگی گندم درآمد کرنے کا انکشاف بھی ہو چکا ہے‘ خدشہ ہے یہ غیر معیاری گندم اب عوام کو کھلائی جائے گی جبکہ مقامی‘ تازہ اور معیاری گندم کی سرکاری خریداری تاحال شروع نہ سکنے کے باعث اس کا ضیاع جاری ہے۔ ناقص حکومتی منصوبہ بندی کی وجہ سے کسان بھی پریشانی کا شکار ہیں۔ عوام کو معیاری غذائی اجناس کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی انتظامیہ کو صوبائی محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹیز کو فعال و متحرک کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام تک معیاری اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement