اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

گوادر میں بزدلانہ کارروائی

بلوچستان کے ضلع گوادر میں سات مزدوروں کا قتل دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ حالیہ چند ماہ کے دوران اس قسم کے بہیمانہ واقعات کا ایک تسلسل دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں تربت میں اسی قسم کے دو مختلف واقعات میں دس مزدور جاں بحق ہوئے تھے‘ گزشتہ ماہ نوشکی میں بس میں سوار 11 مزدوروں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جبکہ کیچ میں بھی اسی قسم کے ایک واقعہ میں دو مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایسے واقعات ملک کی امن و امان کی صورتحال کو تو متاثر کرتے ہی ہیں لیکن ساتھ ہی ملک میں سرمایہ کاری کی راہ میں بھی ناقابلِ عبور رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں۔ بلوچستان میں شر پسند عناصر کی مذموم کارروائیوں کا مقصد امن و امان کو نقصان پہنچانے کے علاوہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کومسدود کرنابھی ہے۔ بلوچستان پہلے ہی معاشی پسماندگی کا شکار ہے‘ اسے معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ گوکہ سکیورٹی ادارے گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کرنے میں مصروف ہیں‘ لیکن ملک میں موجود سیاسی عدم استحکام دہشتگردوں اور شدت پسند عناصر کو اپنے مذموم عزائم کے حصول کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ اس ضمن میں عوام بالخصوص سیاسی جماعتوں اور اُن کی قیادت کو دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں افواجِ پاکستان کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے۔ دہشت گردی کے واقعات کے بعد حکام کی جانب سے مذمتی بیانات دینے سے بہتر ہے کہ عوام کے تحفظ کے پیشگی اقدامات پر توجہ دی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement