اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

گیس لوڈشیڈنگ

سردیوں کی آمد کیساتھ ہی ملک میں گیس کا بحران بڑھتا جارہا ہے۔اطلاعات کے مطابق اکثر شہروں میں گھریلو صارفین کو بمشکل چھ سے سات گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ گیس کمپنیوں کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق گھریلو صارفین کو صبح‘ دوپہر اور رات کے اوقات میں آٹھ گھنٹے یومیہ گیس فراہم کی جائے گی‘ لیکن اکثرعلاقوں میں اس شیڈول پر بھی عمل نہیں ہو رہا۔ کہیں مقررہ وقت سے پہلے گیس بند کر دی جاتی ہے تو کہیں فراہمی کے اوقات میںپریشر کم ہوتا ہے۔ عوام گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کی وجہ سے متبادل ذرائع بالخصوص ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہیں۔ یوں گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی کیساتھ ساتھ صارفین مہنگی ایل پی جی بھی خریدتے ہیں۔

حکومت کو چاہیے کہ متعلقہ کمپنیوں کو مقررہ اوقات میں بلا تعطل اور پورے پریشر کیساتھ گیس فراہمی کا پابند کرے۔اور جہاں تکنیکی خرابیوں‘ گیس کے ضیاع یا غیر قانونی کنکشنز کے باعث فراہمی متاثر ہو رہی ہے‘ وہاں ان مسائل کا فوری تدارک کیا جانا چاہیے۔اسی طرح اوگرا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مارکیٹ کی مؤثر نگرانی کرنا ہوگی۔ حکومت کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ گیس کی قلت کا سارا بوجھ گھریلو صارفین پر نہ ڈالا جائے ‘ دستیاب وسائل کی تقسیم میں گھریلو صارفین کو ترجیح حاصل رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں